3 اگست 2014 - 08:32
اسرائیلی وزیراعظم کا 48 گھنٹوں میں غزہ سے فوج نکالنے کا اعلان

اسرائیلی وزیراعظم نے اگلے 48 گھنٹوں میں غزہ سے فوج نکالنے اور سرحدی علاقوں میں مزید فوج تعینات کرنے کا اعلان کردیا۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کو عالمی برادری روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔  اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انھیں امریکا کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اگلے 48 گھنٹوں میں غزہ سے فوج نکالنے اور سرحدی علاقوں میں مزید فوج تعینات کرنے کا اعلان کردیا۔ جنگ بندی کا کوئی وعدہ وفا نہیں ہوتا ۔دن ہو یا رات اسرائیلی فوج جب چاہتی ہے معصوم فلسطینیوں پر بم باری شروع کردیتی ہے۔ رات گئے خان یونس میں فضائی حملے میں 4 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔اقوام متحدہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں میں 296 بچے شامل ہیں ان میں سے 203 بچوں کی عمر 12 سال سے بھی کم تھی۔ادھر اسرائیلی فوج نے دوروزقبل لاپتا ہونےوالے فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔اسرائیل نے حماس پراپنے فوجی کی گرفتاری کاالزام عائد کیاتھا۔جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج اپنے شہریوں کے تحفظ کی خاطر امن بحال کرنے کے لیے کام کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سرنگیں تباہ کرنے کے بعد بھی غزہ کی جنگ کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔امریکی سینیٹ کی جانب سےاسرائیل کے "آئرن ڈوم " دفاعی نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے 225 ملین ڈالر کی امداد کی منظوری پر اسرائیلی وزیر اعظم نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کی زبردست حمایت کررہا ہے۔دوسری جانب حماس کے ترجمان نے اپنے مقاصد کے حصول تک مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ میں حماس کی سرنگیں ختم کرنےکے قریب پہنچ گئی ہے۔جس کے بعد شمالی غزہ کے کچھ علاقوں کو فوجی دستوں نے خالی کر دیا ہے۔ جس کےبعد رفاح کے شہری کھانے پینے کی اشیاء خریدنے کے لیے گھروں سے نکلے۔ دوسری جانب جنگ بندی کےلیے مصر میں ہونے والے مذاکرات میں اسرائیل اورحماس نے شرکت سے انکارکردیا ہے تاہم فلسطینی وفد قاہرہ پہنچ گیا ہے۔

.......

/169